جہلم کے صوبائی محکموں میں رشوت کی گونج، ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے ثبوت مانگ لیے

جہلم کے صوبائی محکموں میں رشوت کی گونج، ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے ثبوت مانگ لیے۔
محکمہ مال، میونسپل کمیٹی، محکمہ صحت، محکمہ زراعت، محکمہ معدنیات، محکمہ ماحولیات اور تحصیل آفس میں رشوت لئے جانے پر ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائلین ثبوت دیں، کرپشن کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی ہوگی اور محکموں سے بھی فارغ کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ محکمہ صحت میں بہتری کےلیے بی ایچ یو سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز تعینات کیے جارہے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے گزشتہ روز جہلم میں ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالوں کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ جن اداروں میں کرپشن ہورہی ہے ان کے ثبوت مہیا کیے جائیں، ایسے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں سے فارغ کروایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کے لیے ضلع جہلم میں کوئی جگہ نہیں، ضلع بھر کیلئے پوری کوشش کرکے فنڈز جاری کروائیں گے تاکہ ضلع جہلم کے عوام کے مسائل میں کمی واقع ہوسکے۔
یاد رہے کہ محکمہ مال میں رشوت کے بغیر کوئی آج کل کوئی کام نہیں ہوتا، حتیٰ کہ رشوت کے طور پر رجسٹری کروانے کی فیس ایک فیصد مقرر کررکھی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کےحالات ناگفتہ بے ہیں، سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ ڈیول کیرج روڈ کی تعمیر نہ ہونے سے تحصیل پنڈ دادنخان اور تحصیل جہلم کے علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کاسامنا ہے۔ حکمران جماعت نے ڈیول کیرج کے فنڈز بند کررکھے ہیں جس کی وجہ سے لوگ موجودہ حکومت سے سخت نالاں ہیں۔



