بڑھتی آبادی، وسائل کی کمی اور سماجی مسائل بے روزگاری و غربت کا سبب بن رہی ہے، ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام صحافیوں کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد "سوچ بدلو، زندگی بدلو” کے عنوان سے آبادی کو کنٹرول کرنے اور عوامی شعور اجاگر کرنے کی مہم کو فروغ دینا تھا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے محکمہ بہبود آبادی کی کاوشوں کو سراہا اور خاندانی منصوبہ بندی، بچوں کی پیدائش میں وقفہ، ماں کے دودھ کی اہمیت، خاص قسم کی بیماریوں کے پھیلاؤ میں کزن میرج کے کردار، شادی سے پہلے نوجوان بچوں اور بچیوں کی کونسلنگ جیسے اہم موضوعات پر محکمہ کی کوششوں کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے صحافی برادری کے معاشرتی اور سماجی رویوں میں تبدیلی لانے میں مثبت طریقے سے اپنا کردار ادا کرنے کو بھی سراہا اور خاص طور پر خواتین کے حقوق اور میاں بیوی کے آپس میں باہمی رضامندی سے ہم آہنگی اور بچوں کی پیدائش کے فیصلے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے میڈیا پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ صحت مندانہ سماجی اقدار کو فروغ دینے میں محکمہ بہبود آبادی کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ معاشرتی مسائل میں کمی لائی جا سکے۔ بڑھتی ہوئی آبادی، وسائل کی کمی اور اس کی وجہ سے سماجی مسائل جیسے بیروزگاری، غربت جیسے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

مشیر صحت نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے محکمہ بہبود آبادی کو مزید مضبوط اور وسائل فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے نفسیاتی سہولیات کی فراہمی اور شادی شدہ جوڑوں کی کونسلنگ کے عمل کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے آبادی کے کنٹرول میں مدد ملے گی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں محکمہ بہبود آبادی کو فعال بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میڈیا اس مہم کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ صحافی عوامی شعور اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن حسن خالد وڑائچ کی جانب سے ایک جامع پریزنٹیشن دی گئی، جس میں محکمہ بہبود آبادی کے اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء کو ان اقدامات کے ذریعے آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

تقریب میں ضلع جہلم کے تمام میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی اور اپنے قیمتی تجاویز پیش کیں۔ اختتام پر شرکاء اور میڈیا نمائندگان کو ان کی شرکت اور تعاون کے اعتراف میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button