نو تعینات اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کا شہر کا دورہ، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا

دینہ: نو تعینات اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے چارج سنبھالنے کے بعد شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی پارک، ریڑھی بازار، فلٹریشن پلانٹ اور شہر میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم تحصیل دینہ میں اپنی تعیناتی کے بعد اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے پہلی مرتبہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ گلشن نورین، ایم او آئی سہیل اشرف اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی پارک کا معائنہ کرتے ہوئے پارک کی صفائی اور سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔
انہوں نے جی ٹی روڈ پر قائم ریڑھی بازار کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے ریٹ لسٹوں کو چیک کیا اور ہدایت کی کہ اشیاء کی فروخت سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
منگلا روڈ پر واقع فلٹریشن پلانٹ کا بھی معائنہ کیا گیا جہاں اسسٹنٹ کمشنر نے پانی کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو صفائی کے مزید بہتر انتظامات کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ محلہ شیخاں دینہ میں گندگی کے ڈھیر کی جگہ کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے فوری طور پر صفائی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے، تاکہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شہر کی صفائی، بازاروں کی بہتری اور عوامی سہولیات میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔



