عمران خان نے متعدد غیر ضروری تحریکیں چلائی ہیں کیونکہ انہیں پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، شبیر احمد عثمانی

دینہ: شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے متعدد غیر ضروری تحریکیں چلائی ہیں کیونکہ انہیں پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔
وزیرِاعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر برائے کشمیر افیئرز و گلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی نے دینہ کے گاؤں مالدیو میں نمبردار راجہ محمود الحسن کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ملکی معیشت بہتر ہوتی ہے اور کاروبار ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے، عمران خان کو تحریکیں یاد آ جاتی ہیں، جو دراصل ملک کے خلاف سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم میاں شہباز شریف کشمیریوں کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کر رہے ہیں اور حکومت ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق کے دفاع میں پیش پیش رہے گی۔ آزاد کشمیر میں عوام کو کشادہ سڑکوں کی سہولت دی جا رہی ہے جبکہ بجلی کا نرخ صرف 3 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، جو پاکستان کے مقابلے میں کم ہے جہاں بجلی مہنگی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دانش اسکول میرپور کے بعد ضلع باغ میں بھی کھولے جا رہے ہیں اور آزاد کشمیر حکومت کو ضروری فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہاں کے عوام کو زیادہ سہولیات میسر آ سکیں۔
شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ حکومت نے ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کی ہے۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت ختم کرنے کی کوشش کی، جعلی انتخابات کے ذریعے مینڈیٹ چوری کیا، اور پھر بھی کشمیری عوام کو دبانے میں ناکام رہی۔ وہاں کے لوگوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، انہیں نماز پڑھنے سے روکا گیا، بچیوں پر تشدد کیا گیا، اور انٹرنیٹ تک بند کر دیا گیا۔
انہوں نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں ہونے والے حالیہ مظاہروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی میں کچھ ایسے عناصر بھی شامل ہو گئے تھے، جو عوام کو اکسانا چاہتے تھے اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی بروقت حکمتِ عملی کے باعث صورتحال کو قابو میں لایا گیا اور مسئلہ حل کر دیا گیا۔
وزیرِاعظم کے مشیر شبیر احمد عثمانی نے حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم میاں شہباز شریف اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دن رات ایک کر کے ملک کی ترقی کو یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہر طرف ترقیاتی کام جاری ہیں، خوشحالی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے، اور مہنگائی کا خاتمہ بھی ہوتا نظر آ رہا ہے۔ تاجروں کے لیے خصوصی ریلیف دیا جا رہا ہے اور اگر وزیرِاعظم کے اختیار میں ہوتا تو وہ تاجروں کے لیے ٹیکس بھی ختم کر دیتے تاکہ ملک تیزی سے ترقی کر سکے۔
تقریب میں دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور حکومت کے اقدامات کو سراہا۔



