مہنگائی میں ہوشربا اضافہ انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سید خلیل حسین کاظمی


جہلم: سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی میں ہوشربا اضافہ انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اشیائے خورونوش بشمول گھی، دالیں، چاول، سبزیاں، پھل اور چینی عوام کی پہنچ سے کوسوں دور ہوچکی ہیں۔ اس صورتحال پر عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
جہلم کی معروف سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے مہنگائی میں کمی کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے۔ حکومتی سطح پر صرف اشتہاری مہم کے ذریعے مہنگائی کم کرنے کا تاثر دیا جا رہا ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ عوام کو یہ باور کرایا جا رہا ہے کہ وہ خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہیں جو کہ سراسر غلط ہے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے دکانداروں اور کاروباری برادری سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران اشیائے خوردونوش کم سے کم منافع پر فروخت کریں تاکہ غریب اور متوسط طبقہ بھی رمضان کی برکتوں سے مستفید ہوسکے۔ رمضان المبارک سخاوت اور یکجہتی کا مہینہ ہے اور کم آمدنی والے خاندانوں پر مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے کاروباری برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عملی اقدامات کرے اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے موثر حکمت عملی مرتب کرے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو عام شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی اور غریب عوام کے لیے روزمرہ کی بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی ناممکن ہو جائے گا۔



