دینہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر نگہبان رمضان پیکج کی تقسیم شروع

دینہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر تحصیل دینہ میں نگہبان رمضان پیکج کے تحت مستحق گھرانوں میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

اس پیکج کے تحت دینہ اور گردونواح کے ساڑھے 6 ہزار سے زائد کم آمدنی والے خاندانوں میں 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کے پے آرڈرز تقسیم کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت ہر گھرانے کو 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔

تحصیل انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مستحقین کو امداد ان کے گھروں کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے خود گھر گھر جاکر پے آرڈرز تقسیم کیے۔ دینہ سٹی سمیت گردونواح کے علاقوں میں مالی امداد حاصل کرنے والے شہریوں نے اس حکومتی اقدام پر خوشی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

تحصیل دینہ میں امدادی رقوم کی تقسیم کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے یونین کونسلوں میں تعینات سیکرٹری، پٹواری، گرداور، تحصیلدار دینہ اور میونسپل کمیٹی کے افسران متحرک ہیں۔ دینہ سٹی میں اب تک 1,200 سے زائد خاندانوں میں پے آرڈرز تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی مستحق خاندانوں تک امداد پہنچانے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا اور امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مستحق گھرانوں کو انتہائی شفاف طریقے سے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بھی ضرورت مند اس پیکج سے محروم نہ رہے۔

اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل، تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا، پٹواری چوہدری امجد، ہیڈ کلرک میاں سہیل، علی بٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی امدادی کارروائیوں میں پیش پیش نظر آئے۔ امداد وصول کرنے والے مستحقین نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مثالی اور بروقت اقدام ہے جس سے رمضان المبارک کے دوران ان کے معاشی مسائل میں بڑی حد تک کمی آئے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button