ضلع جہلم میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، رکے ہوئے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے، بلال اظہر کیانی

دینہ: وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی کے حلف اٹھانے کے بعد پہلی بار اپنے حلقہ دینہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے میڈیا اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں، وہ آپ کی دعاؤں اور محبت کا نتیجہ ہے۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں روزے کی حالت میں جس طرح آپ سب نے میرا استقبال کیا اور عزت بخشی، میں اس کا بے حد شکر گزار ہوں۔ میں آپ کی بدولت پارلیمنٹ پہنچا اور اب میرے قائد، میاں نواز شریف اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے جو ذمہ داری مجھے سونپی ہے، اسے دیانت داری اور بھرپور محنت کے ساتھ نبھاؤں گا۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ اب ضلع جہلم میں ترقی کا سفر ایک نئے انداز کے ساتھ شروع ہوگا۔ جو کام کئی برسوں سے رکے ہوئے تھے، انہیں اب ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایک متحرک نمائندہ ہونے پر فخر ہے، اور میں اپنی پوری توانائیاں ضلع جہلم کے عوام کی خدمت کے لیے وقف کروں گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض نے کہا کہ بلال اظہر کیانی کے منتخب ہونے سے پورے ضلع جہلم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ہمیں ایک متحرک اور عوام دوست ایم این اے ملا ہے، جو بہتر طریقے سے ہمارے ضلع کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جو عزت میرے قائد میاں نواز شریف اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے مجھے دی ہے، وہ کسی فرد واحد کی نہیں بلکہ یہ عزت آپ سب کی ہے، ہر ایک کارکن اور عوام کی ہے۔ اب ان شاء اللہ تحصیل دینہ اور ضلع جہلم میں ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز ہوگی اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں انتشار کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے، اور اب پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کی خدمت اور ملک کی بہتری کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ میں اپنے قائدین کے ویژن کے مطابق جہلم کے عوام کی خدمت کروں گا اور ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔



