ڈپٹی کمشنر جہلم کا شاندار چوک کا دورہ، سیوریج نالے کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے شاندار چوک میں جاری سیوریج نالے کی تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میونسپل افسران نے ڈپٹی کمشنر کو سیوریج لائن بچھانے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ نالے کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو اور تاجروں کی شکایات ختم کی جا سکیں۔
انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سیوریج نالے کی تعمیر میں اعلیٰ معیار کا مٹیریل استعمال کیا جائے تاکہ نکاسی آب کے مسائل کا دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور کام کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔



