عید الفطر کی آمد، بازاروں میں رش، خریداری عروج پر، دکانداروں نے قیمتیں بڑھا دیں

جہلم: عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی شہر اور گردونواح کے بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں خریداری کا رجحان عروج پر پہنچ گیا، رات گئے تک خریداروں کا رش برقرار رہا۔
ملبوسات، جیولری، میک اپ، جوتے، مہندی اور چوڑیوں کی خریداری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ دکانداروں نے بھی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عید کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، خواتین اور بچوں کے لیے خریداری کے مراکز میں بے پناہ رش دیکھنے کو مل رہا ہے۔
خواتین زیادہ تر سلے سلائے ریڈی میڈ ملبوسات خریدنے کو ترجیح دے رہی ہیں جبکہ مہندی، چوڑیوں اور جیولری کے اسٹالز پر بھی خواتین کا ہجوم نظر آ رہا ہے۔ برانڈڈ اور روایتی ملبوسات کی مانگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، خاص طور پر کڑھائی والے اور رنگ برنگے کپڑے خواتین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکانداروں نے عید کا موقع دیکھ کر ملبوسات، جوتے اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے متوسط طبقے کے لیے خریداری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ تاہم خریداروں کی بڑی تعداد بازاروں میں موجود ہے اور ہر کوئی اپنی استطاعت کے مطابق عید کی تیاریوں میں مصروف نظر آ رہا ہے۔
عید الفطر میں چند دن باقی ہیں اور خریداروں کے رش میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔



