جہلم میں عیدالفطر کے ایام میں مختلف حادثات میں 184 افراد زخمی، مجموعی طور پر 244 افراد کو ریسکیو کیا گیا

جہلم: عیدالفطر کے موقع پر جہاں لوگ اپنے پیاروں کے ساتھ خوشیاں منانے میں مصروف تھے، وہیں ریسکیو 1122 کے اہلکار عوامی خدمت کے جذبے کے تحت چوبیس گھنٹے اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کے مطابق عید کے تین دنوں میں مختلف حادثات اور ہنگامی صورتحال میں 233 ایمرجنسیز پر فوری رسپانس دیا گیا، جس کے دوران 244 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ ان میں سے 72 زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 163 افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

عید کے دوران روڈ ٹریفک حادثات کی تعداد 52 رہی، جن میں 184 افراد زخمی ہوئے۔ میڈیکل ایمرجنسیز کے 154 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ اونچائی سے گرنے کے 7، کرائم ایمرجنسیز کے 3 اور آگ لگنے کے 3 واقعات سامنے آئے۔ اس کے علاوہ مختلف نوعیت کی دیگر ایمرجنسیز کی تعداد 14 رہی۔ بدقسمتی سے، متعدد حادثات میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے عید کے موقع پر ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیورز نے نہایت ذمہ داری کے ساتھ اپنی ڈیوٹیاں انجام دیں اور عوام کو بروقت مدد فراہم کی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دوران ڈرائیونگ اور موٹر سائیکل چلاتے ہوئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی مسلسل محنت اور لگن نے عید کے دنوں میں شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جبکہ عوامی حلقوں کی جانب سے بھی ریسکیو سروس کے اس جذبے کو بے حد سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button