منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں تشویشناک حد تک کمی، خشک سالی کا خطرہ، کسان پریشان

منگلا: ملک کے بڑے دوسرے بڑے منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی واقع ہو گئی ہے، جس سے نہ صرف زرعی پیداوار متاثر ہو رہی ہے بلکہ مستقبل میں خشک سالی کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔

گزشتہ ماہ منگلا ڈیم ڈیڈ لیول پر پہنچ چکا ہے اور اب وہاں جہاں چند ماہ قبل تک ہر طرف نیلا پانی نظر آتا تھا، آج کل جگہ جگہ ریت کے ٹیلے ابھر آئے ہیں۔ پانی کی کمی نے مقامی کسانوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

ذرائع واپڈا کے مطابق گزشتہ سال 7 اپریل کو منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 4 لاکھ 12 ہزار ایکڑ فٹ تھا جبکہ اس سال اسی تاریخ کو صرف 2 لاکھ 48 ہزار ایکڑ فٹ پانی موجود ہے۔ اس کے علاوہ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد بھی کم ہو گئی ہے۔ رواں سال ڈیم میں پانی کی آمد 21800 کیوسک جبکہ گزشتہ سال 33200 کیوسک تھی۔

مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت نے گندم اور سبزیوں کی فصلوں کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے، اور کئی علاقوں میں نہری پانی کی عدم دستیابی کے باعث زمینیں بنجر ہوتی جا رہی ہیں۔ کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین مسئلے کا فوری حل نکالا جائے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات پہلے ہی ملک میں خشک سالی کا الرٹ جاری کر چکا ہے اور اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کے استعمال میں احتیاط اور آبی ذخائر کی بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button