جہلم میں پولیس لائٹس لگا کر سرکاری گاڑی ظاہر کرنے والا ملزم گرفتار

جہلم پولیس کی جانب سے ویگو کلچر کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ کالا گجراں پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے جعلی سرکاری گاڑی استعمال کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم نزاکت اللہ خان کو گرفتار کیا، جس نے اپنی گاڑی پر پولیس لائٹس نصب کر رکھی تھیں تاکہ اسے سرکاری گاڑی ظاہر کیا جا سکے۔ پولیس کے مطابق اس اقدام کے ذریعے ملزم نے قانون کی سنگین خلاف ورزی اور جرم کا ارتکاب کیا۔
کارروائی کے دوران ملزم کی ویگو گاڑی اور اس پر نصب پولیس لائٹس قبضے میں لے لی گئی ہیں جبکہ تھانہ کالا گجراں میں ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس جعلی سرکاری پروٹوکول اور غیر قانونی پولیس سمبلز استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، اور ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔



