معروف شاعر گلزار کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کے لیے ٹیم دینہ پہنچ گئی

دینہ شہر کی پہچان اور بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر گلزار (سمپیورن سنگھ) کی جائے پیدائش اور ابتدائی رہائش گاہ کو خوبصورت بنانے اور ثقافتی ورثہ قرار دینے کے لیے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی خصوصی ٹیم دینہ پہنچ گئی۔

ٹیم نے گلزار کی رہائش گاہ کے باہر گلی کا مکمل جائزہ لیا اور اس کی تزئین و آرائش کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کی ہدایت پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

ٹیم نے گلی کی پیمائش اور صفائی سمیت دیگر تزئینی امور کا جائزہ لیا۔ اس منصوبے کے تحت گلی کو لاہور کی پرانی طرز کی ثقافتی عمارتوں کی طرز پر خوبصورت بنایا جائے گا اور اسے اصلی حالت میں بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل اور تجاوزات انسپکٹر عدیل بٹ بھی موجود تھے۔ حکام کا کہنا تھا کہ گلزار کے بچپن کی یادوں سے جڑی اس گلی کو ثقافتی مقام کا درجہ دینا، دینہ شہر اور جہلم ضلع کے لیے ایک اعزاز ہوگا۔

یاد رہے کہ گلزار 1938ء میں ضلع جہلم کی تحصیل دینہ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد مکھن سنگھ کا مین بازار دینہ میں کپڑے کا کاروبار تھا جبکہ گلزار کی والدہ کا تعلق دینہ کے نواحی گاؤں دھنیالہ سے تھا۔ گلزار نے اپنی ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول میانہ محلہ دینہ سے حاصل کی۔

چند سال قبل انہوں نے اپنے آبائی شہر کا دورہ بھی کیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے پرانے گھر، گورنمنٹ ہائی سکول اور دینہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کرکے اپنی بچپن کی یادیں تازہ کی تھیں۔ گلزار نے دنیا بھر میں اپنی منفرد شاعری، نغمہ نگاری اور فلمی تخلیقات کے ذریعے بے مثال شہرت حاصل کی اور ضلع جہلم کا نام فخر سے روشن کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button