بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر پنڈدادنخان کی عوام کا جشن، پاک فوج کو زبردست خراج تحسین

پنڈ دادنخان: بھارت کے خلاف پاک فوج کی تاریخی کامیابی پر جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان میں جشن کا سماں، اہل علاقہ سڑکوں پر نکل آئے، فضا "پاک فوج زندہ باد” اور "پاکستان پائندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔
ہرن پور سمیت مختلف علاقوں کے عوام نے سبز ہلالی پرچم اور وطن سے محبت کے نعروں سے شہر کو رنگین کر دیا۔ جنگی کامیابی کی خبر ملتے ہی علاقے کے نوجوان، بزرگ اور بچے جوش و جذبے سے سرشار ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
جلوس کی صورت میں شہریوں نے ریلیاں نکالیں، ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، مٹھائی تقسیم کی اور قومی پرچموں سے گلیوں، بازاروں کو سجا دیا۔
شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر “ہم سب پاک فوج کے سپاہی ہیں”، “افواج پاکستان کو سلام” اور “بھارت ہوش کے ناخن لے” جیسے نعرے درج تھے۔ نوجوانوں نے چہروں پر سبز و سفید رنگ کیے اور قومی پرچم اوڑھ کر پاک فوج کی بہادری پر بھرپور انداز میں خوشی کا اظہار کیا۔
علاقہ مکینوں نے اس موقع پر کہا کہ افواج پاکستان نے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پاک فوج کی شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت پر پوری قوم کو ناز ہے۔ شہریوں نے کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ کے لیے ہر پاکستانی اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔



