جہلم میں بھی پاکستان کی فتح کا جشن اور یوم تشکر انتہائی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

جہلم: پاکستان کی عظیم الشان فتح پر ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی یومِ تشکر اور جشن انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں عوام نے ریلیاں، جلسے جلوس اور مٹھائیاں تقسیم کر کے اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کیا، جبکہ پاک فوج سے محبت کے اظہار میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔
شہری دیوانہ وار فوجی جوانوں کو عقیدت بھرے سلام پیش کرتے رہے۔ جہلم کے مرکزی مقام، یادگار شہداء میجر ملک محمد اکرم شہید نشانِ حیدر سمیت مختلف فوجی شہداء کے مزارات پر عوام کی بڑی تعداد نے حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
شرکاء نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج نے نامساعد حالات کے باوجود دشمن کو شکست دے کر پوری دنیا کو حیران کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل، بھارت، امریکہ سمیت دشمن قوتیں یہ سوچنے پر مجبور ہو چکی ہیں کہ پاکستان کی فوج نے کس جذبے، حکمت اور بہادری سے ایک بڑی طاقت کو جھکنے پر مجبور کر دیا۔
اتوار اور پیر کی صبح، شہر کی مختلف مساجد میں دعائیہ تقاریب جبکہ گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، جن میں ملک کی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کی کامیابی و حفاظت کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ فتح صرف میدان میں نہیں، بلکہ پوری قوم کے اتحاد، ایمان اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ پاک فوج ہمارے فخر اور وقار کی علامت ہے، اور قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



