ایس ایل ایس کالج کے ایم ڈی سرفراز ملک کی ڈی ایس پی ٹریفک خرم فیاض سے ملاقات

جہلم: برٹش کونسل کے گولڈ پارٹنر ادارے ایس ایل ایس کالج کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور انکریڈیبل جہلم و جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین سرفراز ملک نے حال ہی میں جہلم میں نو تعینات ہونے والے ڈی ایس پی ٹریفک پولیس خرم فیاض سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔
ملاقات کا مقصد شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال اور ان کے ممکنہ حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔ دونوں شخصیات نے ٹریفک نظم و ضبط کی اہمیت، شہری شعور کی کمی، اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج پر زور دیا۔
سرفراز ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، غلط پارکنگ، ون وے کی خلاف ورزی، اور ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانا جیسے عوامل نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بنتے ہیں بلکہ انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی ادارے نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ معاشرتی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کے ساتھ اشتراک سے طلباء، والدین اور عام شہریوں کے لیے آگاہی پروگرامز، سیمینارز، اور ورکشاپس منعقد کرنے کی پیشکش کی، تاکہ نئی نسل میں قانون کی پاسداری اور شہری شعور کو فروغ دیا جا سکے۔
ڈی ایس پی خرم فیاض نے ایس ایل ایس کالج کے اس مثبت اور تعمیری اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرتی بہتری اور سڑکوں پر نظم و ضبط کے قیام کے لیے سرکاری و نجی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور تعاون انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔



