پولیو مہم کی کامیابی پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے کہا ہے کہ پولیو مہم کی کامیابی نہ صرف صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے بلکہ یہ پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ صحت کے زیر اہتمام پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے حالیہ پولیو مہم کے دوران کیے گئے اقدامات اور قطرے پلانے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے بتایا کہ ضلع جہلم میں اب تک کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، جو ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیو ویکسین کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی بھی وجہ سے کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم رہ جاتا ہے تو فوری طور پر اس تک ویکسین پہنچائی جائے۔
انہوں نے خاص طور پر ان خاندانوں پر توجہ دینے کی تاکید کی جو دیگر شہروں سے آمد و رفت رکھتے ہیں تاکہ ان کے بچوں کی ویکسینیشن بھی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور تمام متعلقہ ادارے و ٹیمیں اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں ادا کریں تاکہ پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن ہو۔



