جہلم شہر کی تزئین و آرائش اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے جاری ہیں، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم شہر کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی کوششیں جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ان منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شہر اور تحصیلوں میں جاری بیوٹیفکیشن پروجیکٹس، فلٹریشن پلانٹس کی موجودہ حالت اور شہریوں کو دستیاب صاف پانی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہلم شہر کو خوبصورت بنانے اور شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے متعدد منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ شہر کی اہم شاہراہوں کے کنارے خوبصورت بیلٹس اور کیاریاں تیار کی جا رہی ہیں جبکہ مختلف مقامات پر سڑکوں کے درمیان پودے لگا کر شجرکاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ریلوے روڈ سے بلال ٹاؤن اور شاندار چوک سے زیادہ چوک تک لائٹس کی تنصیب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، اور تمام نصب شدہ لائٹس کو فعال کر دیا گیا ہے۔ اولڈ جی ٹی روڈ سے جادہ تک بھی جلد روشنیوں کا نظام فعال کر دیا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر بھر میں موجود 167 فلٹریشن پلانٹس کی پانی کی فراہمی اور معیار کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پانی میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اور عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا وژن ہے کہ عوام کو صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول مہیا کیا جائے، اور ضلع جہلم اس حوالے سے ایک رول ماڈل کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔



