دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے ہرن پور کا نوعمر لڑکا ڈوب کر جاں بحق

پنڈدادنخان: دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے ہرن پور کا نوعمر لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، لاش کو اپنی مدد آپ کے تحت دریا سے نکال لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان میں دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے ایک نوعمر لڑکا جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والا نوجوان محمد ابوبکر ہرن پور کا رہائشی تھا۔
محمد ابوبکر دریائے جہلم میں چک نظام کے مقام پر نہا رہا تھا کہ اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے پانی کی موجوں میں گم ہو گیا۔ ساتھیوں نے فوری طور پر اہل علاقہ اور محمد ابوبکر کے والدین کو اطلاع دی، جس پر درجنوں نوجوان اور اہل علاقہ موقع پر پہنچ گئے۔
مقامی نوجوانوں نے کئی گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد بالآخر رات گئے محمد ابوبکر کی لاش تلاش کر کے ورثاء کے حوالے کر دی۔ نوجوان کی ناگہانی موت نے اہل علاقہ کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ ہر آنکھ اشکبار ہے۔



