قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانا ہوگی، حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیر مملکت برائے ریلوے و سربراہ وزیراعظم ڈلیوری یونٹ بلال اظہر کیانی نے حالیہ طوفان اور بارش کے دوران جہلم کے علاقے محلہ سلیمان پارس میں درخت گرنے سے جاں بحق ہونے والے معصوم بچے فرحان علی کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیر مملکت نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم بچے کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے اس اندوہناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے المناک حادثات سے بچاؤ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ نہایت افسوسناک اور تکلیف دہ ہے اور ہمیں بطور قوم اس قسم کی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ شہر بھر میں موجود کمزور، غیر محفوظ درختوں اور دیگر ممکنہ خطرات کا فوری جائزہ لے کر مناسب حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے۔

وزیر مملکت نے اس موقع پر یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ خاندان کی ہر ممکن امداد کے لیے تیار ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ایک جامع حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button