ڈپٹی کمشنر کا تحصیل آفس جہلم کا دورہ، افسران غیر حاضر، سرکاری ریکارڈ چپڑاسی کے سپرد، سخت برہمی کا اظہار

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے تحصیل آفس جہلم کا اچانک دورہ کیا تو وہاں موجود صورتِ حال نے انتظامی غفلت کی پول کھول دی۔
صبح سویرے کے اس دورے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تحصیلدار، نائب تحصیلدار، کلرک اور دیگر تمام متعلقہ افسران غیر حاضر تھے جبکہ دفتر میں تعینات نائب قاصد (چپڑاسی) کے پاس سرکاری ریکارڈ موجود تھا اور وہی اس کی نگرانی کر رہا تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے اس غفلت پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے تمام غیر حاضر افسران سے فوری طور پر جواب طلب کر لیا اور انہیں حکم دیا کہ وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر غیر حاضری کی وضاحت دیں۔
ڈی سی میثم عباس نے واضح الفاظ میں کہا کہ جو افسران اور ملازمین سرکاری اوقاتِ کار کی پابندی نہیں کرتے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ریکارڈ جیسی اہم دستاویزات کو غیر متعلقہ افراد، جیسے چپڑاسی یا نائب قاصد کے سپرد کرنا سراسر غیر قانونی اور ناقابلِ قبول عمل ہے۔ ایسے غفلت برتنے والوں کو قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کے اس اچانک دورے سے واضح پیغام ملا ہے کہ ضلع جہلم میں سرکاری دفاتر کی کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر افسر و ملازم کو اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھانی ہوں گی۔ عوامی امور سے متعلق دفاتر میں غیر حاضری اور نااہلی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔



