کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف شکنجہ تیار، والدین پر فوجداری مقدمات کا فیصلہ، جرمانہ بڑھانے کی منظوری

جہلم: پنجاب بھر میں کم عمر ڈرائیوروں، خاص طور پر موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشہ چلانے والے بچوں کے خلاف شکنجہ تیار کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ٹریفک نظام میں بہتری کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت اقدامات کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد موجودہ جرمانوں کو 10 گنا تک بڑھایا جائے گا تاکہ قانون شکنی کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ خاص طور پر کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ کو روکنے کے لیے ان کے والدین کو براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، اور ایسی صورتوں میں والدین کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت جاری کی کہ ایسی گاڑیاں جن میں بچے خطرناک انداز میں باہر کی طرف جھک کر بیٹھتے ہیں، فوری طور پر بند کی جائیں۔ ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ جیسے جرائم پر بھی سخت کارروائی کرتے ہوئے فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
شہریوں کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو سراہا گیا ہے، جنہوں نے عوامی تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے انقلابی اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔



