دینہ کا رورل ہیلتھ سینٹر اب ایک ماڈل ہسپتال کی صورت اختیار کر چکا ہے، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

دینہ میں عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مریم نواز ہسپتال کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سیاسی، سماجی اور انتظامی شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب کے دوران مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ دینہ کے عوام کے لیے ایک مثالی ہسپتال فراہم کیا جا رہا ہے جو جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ویلفیئر حکومت پنجاب کا بنیادی منشور ہے اور اس مقصد کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں علاج معالجے کی معیاری سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دینہ کا رورل ہیلتھ سینٹر اب ایک ماڈل ہسپتال کی صورت اختیار کر چکا ہے، جہاں اسپیشلسٹ ڈاکٹرز، تربیت یافتہ نرسز اور دیگر طبی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو قریبی سطح پر ہی مؤثر علاج میسر آ سکے۔
تقریب میں سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، تحصیل دینہ و جہلم کے سابق چیئرمینز، سی ای او ہیلتھ جہلم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، تحصیلدار دینہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر مشیر صحت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز فری انسولین پروگرام کا بھی افتتاح کیا، جس کے تحت شوگر کے مریضوں کو مفت انسولین فراہم کی جا رہی ہے۔ مشیر صحت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر شروع کیے گئے اس منصوبے سے ہر ماہ لاکھوں مریض مستفید ہو رہے ہیں۔



