جہلم میں ٹریفک پولیس کو باڈی کیم کی سہولت فراہم؛ قانون شکنی پر مکمل ریکارڈ محفوظ ہوگا، ڈی پی او طارق محمود

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے "محفوظ پنجاب” کے ویژن، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پالیسی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق محمود سندھو کی ہدایت پر جہلم پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں سیف سٹی منصوبے کے تحت جہلم ٹریفک پولیس کو باڈی کیم (Body Cam) کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
باڈی کیم سے لیس ٹریفک پولیس اہلکار دورانِ ڈیوٹی اپنے اردگرد کے ماحول اور قانون شکنی کی صورت میں پیش آنے والے واقعات کا مکمل ویڈیو ریکارڈ محفوظ کر سکیں گے۔ یہ اقدام نہ صرف شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد سازی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق محمود سندھو نے اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کریں کیونکہ یہ نہ صرف ان کی اپنی بلکہ دوسروں کی جان کی حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب شہری ہونے کا ثبوت یہی ہے کہ ہم قانون کی پاسداری کریں اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھیں۔
ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ باڈی کیم ایک خوش آئند اور جدید قدم ہے جس سے پولیس کی کارکردگی میں شفافیت آئے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مؤثر طریقے سے دستاویزی صورت میں محفوظ ہوں گی۔



