عیدالاضحی پر صفائی کا شاندار آپریشن، ضلعی انتظامیہ اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی مثالی کارکردگی

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی نگرانی میں ضلع جہلم میں عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کا گرینڈ آپریشن پوری کامیابی سے جاری ہے۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے اہلکار اور ضلعی انتظامیہ مل کر صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

1,667 اہلکاروں اور 600 سے زائد گاڑیوں پر مشتمل ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے نے عید کے پہلے روز 400 ٹن سے زائد جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگائیں جبکہ دوسرے روز کے ابتدائی چار گھنٹوں کے دوران مزید 200 ٹن کے قریب آلائشیں اٹھائی گئیں۔ ضلع بھر میں درجنوں ڈمپنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ جانوروں کی باقیات کو بروقت، محفوظ اور مؤثر انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکے۔

صفائی آپریشن کے دوران شہریوں کو ہزاروں بیگز فراہم کیے گئے تاکہ وہ آلائشیں مناسب طریقے سے محفوظ کر کے مقررہ مقامات پر رکھ سکیں۔ بیگز کی تقسیم کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس سے شہریوں کو بڑی سہولت میسر آئی۔

ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے بتایا کہ عید کے تینوں دن صفائی آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے عمل میں تعاون کریں اور جانوروں کی باقیات کو نالوں میں پھینکنے کے بجائے ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کریں یا ویسٹ مینجمنٹ کے اہلکاروں کے حوالے کریں تاکہ انہیں فوری طور پر اٹھایا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع جہلم کی تمام 44 یونین کونسلز اور چاروں تحصیلوں میں صفائی کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے CCTV کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ صفائی کے بعد تمام گلیوں، محلوں، چوراہوں اور سڑکوں کو دھویا گیا اور چونے کا چھڑکاؤ کیا گیا تاکہ تعفن اور جراثیم کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

جہلم شہر کی سماجی، فلاحی، صحافتی تنظیموں اور شہریوں کے مختلف طبقات نے ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ شہریوں نے صفائی سے متعلق شکایات پر فوری رسپانس کو سراہا اور کہا کہ ایسا صاف ستھرا ماحول پہلے کبھی دیکھنے کو نہیں ملا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ "ہماری پوری کوشش ہے کہ ضلع جہلم کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھا جائے، اور عوام کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے۔ یہ کامیابی ٹیم ورک اور شہریوں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔”

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button