ضلع جہلم میں ضلعی انتظامیہ نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کر دی

جہلم: ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کر دی۔ ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی ہدایت پر شہر کے مختلف مقامات پر ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق شہریوں کو دن کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دھوپ میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال، ریلوے اسٹیشن، جنرل بس اسٹینڈ سمیت دیگر اہم عوامی مقامات پر ہیٹ اسٹروک آگاہی کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں عوام کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات کے مطابق شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، سر کو کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپ کر رکھیں اور سورج کی تیز روشنی سے بچنے کے لیے کالے شیشوں والے چشمے استعمال کریں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے، اس لیے عوام کو چاہیے کہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں کیونکہ "احتیاط، علاج سے بہتر ہے”۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے، اور موجودہ موسم کی شدت کے پیش نظر تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔



