سوہاوہ میں لوڈر رکشہ برساتی نالے میں بہہ گیا، 2 افراد جاں بحق، 6 افراد کو بچا لیا گیا

سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں لوڈر رکشہ برساتی نالے میں بہہ گیا، 2 افراد جاں بحق ہو گئے، 6 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں شدید بارش کے بعد برساتی نالے میں طغیانی کے باعث لوڈر رکشہ پانی میں بہہ گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔ واقعے کے بعد ریسکیو 1122 اور تھانہ ڈومیلی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

@jhelumupdates جہلم میں موسلا دھار بارش، لوڈر رکشہ برساتی نالے میں بہہ گیا #JhelumUpdates #LatestNews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos ♬ original sound – Jhelum Updates

جمعرات کی صبح سے ضلع بھر سمیت ڈومیلی اور گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے اور برساتی نالوں میں تیز پانی کا بہاؤ پیدا ہو گیا۔ پھگواڑی کے قریب واقع نالہ عبور کرنے کی کوشش کے دوران لوڈر رکشہ تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔ رکشہ میں آٹھ افراد سوار تھے، جن میں گجرات دربار کے چار شاہ دولے بھی شامل تھے۔ بدقسمتی سے ان میں سے دو افراد نالے میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔

مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے دونوں لاشیں نکال لیں۔ ایک لاش نالے سے تقریباً ایک کلومیٹر دور جبکہ دوسری لاش تین کلومیٹر دور جنوٹ کے مقام سے ملی۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 60 سالہ عارف اور 40 سالہ بوٹا کے نام سے ہوئی، دونوں کا تعلق شاہ دولہ دربار گجرات سے تھا۔

ریسکیو 1122 نے لاشوں کو رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی منتقل کیا، جبکہ مقامی افراد نے لوڈر رکشہ کو بھی برساتی پانی سے نکال لیا۔ جاں بحق افراد ضلع گجرات کے رہائشی تھے اور بھیگ (منت مانگنے) کے لیے ککرالہ کی طرف جا رہے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈومیلی پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button