جہلم پولیس کے ضلع بھر میں محرم الحرام کے سلسلہ میں سپیشل سرچ آپریشنز جاری، سینکڑوں افراد کی چیکنگ

جہلم: محرم الحرام کے مقدس ایام میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے جہلم پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ ان آپریشنز کا مقصد دہشت گرد عناصر، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر شہر کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں متعدد افراد کی شناخت اور پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فکیشن کی گئی۔ ساتھ ہی شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندی کے ذریعے سخت چیکنگ کی گئی تاکہ کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ شرپسند عناصر کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان آپریشنز کا بنیادی مقصد ناجائز اسلحہ، منشیات کی برآمدگی، مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری اور شرپسند عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں ناکام بنانا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع جہلم میں محرم الحرام کے دوران ہر صورت میں پرامن فضا کو برقرار رکھا جائے گا اور پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔



