محرم الحرام؛ امن و امان کے قیام کیلئے ضلعی انتظامیہ اور میڈیا کا قریبی اشتراک ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے کہا ہے کہ محرم الحرام جیسے حساس ایام کے دوران ضلعی انتظامیہ اور میڈیا کا باہمی اشتراک امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔

وہ جہلم پریس کلب کے ممبران سے گفتگو کر رہے تھے، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات، سکیورٹی پلان اور دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈی سی جہلم نے میڈیا نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے تجربات، مشاہدات اور تجاویز ضلعی انتظامیہ سے شیئر کریں تاکہ ان مقدس ایام کو پرامن طریقے سے گزارا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں، اور ان کا بروقت تعاون کسی بھی غیر معمولی یا شرپسندانہ سرگرمی کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر ڈی سی جہلم نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں کسی بھی نئی مجلس یا جلوس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ خود 15 مختلف مقامات پر سبیلیں لگائے گی، جبکہ دیگر افراد کو سبیلیں لگانے کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں محرم کے جلوسوں کی نگرانی کے لیے 500 سے زائد سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں تاکہ ہر لمحے کی نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔

سکیورٹی کے حوالے سے ڈی سی میثم عباس نے بتایا کہ ضلعی پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت 800 سے زائد پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز کی ایک کمپنی بھی ریزرو میں رکھی جائے گی۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا پلان بھی تیار کیا جا چکا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔

ڈی سی جہلم نے اس بات کا اعلان بھی کیا کہ محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی سطح پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو فوکل پرسن مقرر کیا جا رہا ہے، جو میڈیا اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مؤثر بنائیں گی اور صحافیوں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی۔

آخر میں سینئر صحافیوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی کاوشوں کو سراہا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میڈیا کو اعتماد میں لینے اور باہمی تعاون کی فضا قائم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عشرۂ محرم الحرام کو پرامن طریقے سے گزارنے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button