جہلم میں محرم الحرام کے دوران صفائی کے غیر معمولی اور خصوصی انتظامات جاری

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر راولپنڈی ڈویژن بھر میں محرم الحرام کے دوران صفائی کے غیر معمولی اور خصوصی انتظامات جاری ہیں۔
راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کی جانب سے راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری اور تلہ گنگ سمیت تمام اضلاع میں محرم کے ابتدائی پانچ ایّام کے دوران مثالی صفائی آپریشن مکمل کیا گیا جبکہ یومِ عاشورہ کے لیے "گرینڈ صفائی پلان” پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کمپنی کے مطابق، محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوسوں کے راستوں پر نہ صرف بروقت صفائی کی گئی بلکہ دھلائی، چونے کا چھڑکاؤ اور اسپرے کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ اس خصوصی آپریشن میں ہزاروں سینٹری ورکرز، سپروائزرز اور افسران روزانہ کی بنیاد پر حصہ لے رہے ہیں، جبکہ مکینیکل سویپرز، واٹر باؤزرز اور دیگر مشینری فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہے۔
یومِ عاشورہ کے انتظامات کے تحت:
- 9 محرم کی شب تک مرکزی جلوسوں کے راستوں کی مکمل صفائی و واشنگ مکمل کی جائے گی۔
- 10 محرم کو عملہ ڈبل شفٹ میں ڈیوٹی سرانجام دے گا۔
- ہر جلوس کے ساتھ متحرک موبائل صفائی یونٹس موجود رہیں گے۔
- تمام اضلاع میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول رومز قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جا سکے۔
- جلوس گزرنے کے فوری بعد راستوں کی دوبارہ صفائی اور جراثیم کش اسپرے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت ہے کہ عشرہ محرم کے دوران شہریوں کو صاف، محفوظ اور باوقار ماحول مہیا کیا جائے۔ اسی مقصد کے تحت اضافی افرادی قوت فیلڈ میں متحرک رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ہینڈ بلز کی تقسیم، بینرز کی تنصیب اور کیمپ آفسز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ صفائی کے پیغام کو عام کیا جا سکے۔



