صاف پانی ہر انسان کا بنیادی حق ہے، چوہدری محمد اختر

دینہ میں عوام کو صاف پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی جانب سے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب جی ٹی روڈ پر واقع چلڈرن پارک کے مقام پر منعقد ہوئی، جس میں سماجی، سیاسی اور انتظامی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری محمد اختر تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد، ڈی ایس پی شہباز ہنجرا، حاجی افتخار احمد مغل، زاہد محمود ناگی، امجد محمود سیٹھی، سید قدیر حسین شاہ کاظمی، اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد اختر نے کہا کہ "صاف پانی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے علاقے کے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے اور بہت سی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے گا۔ یہ منصوبہ ہماری ٹیم، خصوصاً حاجی افتخار احمد مغل اور زاہد محمود ناگی کی نشاندہی پر مکمل کیا گیا اور ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ہمیں یہ خدمت کرنے کا موقع ملا۔”

اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے۔ اس علاقے کو واقعی اس سہولت کی شدید ضرورت تھی۔ چوہدری اختر اور ان کی ٹیم پہلے بھی عوامی فلاح کے منصوبے مکمل کر چکی ہے، اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ تحصیل انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔”

ڈی ایس پی شہباز ہنجرا نے بھی منصوبے کو عوامی فلاح کے لیے اہم قرار دیا اور کہا کہ "ایسے پروجیکٹس سے نہ صرف صحت عامہ بہتر ہوگی بلکہ لوگوں میں فلاحی شعور بھی بڑھے گا۔”

علاقے کے شہریوں اور مقامی نمائندگان نے اس اقدام پر کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مزید ایسے عوامی فلاحی منصوبے جلد شروع کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button