موٹرسائیکل سوار ہوشیار! یہ سرٹیفکیٹ لازمی لینا ہوگا

جہلم: پنجاب حکومت نے ٹریفک اور عوامی تحفظ کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکلوں کے لیے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔ اب پرائیویٹ گاڑیوں کے بعد موٹر سائیکل سواروں کو بھی اپنی گاڑیوں کی فٹنس چیک کروا کر سالانہ بنیاد پر فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔
پنجاب کابینہ نے قانون میں ضروری ترامیم کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت موٹر سائیکل مالکان کو بھی اپنی گاڑیوں کی تکنیکی حالت اور معیار کی جانچ کے بعد فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، جو ایک سال کے لیے مؤثر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ جلد اس پر عملدرآمد کے لیے حکمت عملی طے کرے گا اور اس مقصد کے لیے ضروری اقدامات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ فٹنس چیکنگ کے ذریعے نہ صرف روڈ سیفٹی میں بہتری آئے گی بلکہ دھوئیں، شور اور دیگر ماحولیاتی آلودگی کے ذرائع پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔
دوسری جانب پنجاب بھر میں ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تمام بس ٹرمینلز پر کارروائی کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیئے جا چکے ہیں، جبکہ سیکرٹری آر ٹی ایز کی سربراہی میں متعدد گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔
علاوہ ازیں غیر قانونی رکشہ باڈی بنانے والوں کے خلاف بھی بھرپور آپریشن جاری ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ قانون شکنی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور یہ اقدامات عوامی سلامتی اور سڑکوں پر نظم و ضبط کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔



