صوبائی وزیر تعمیرات ملک صہیب احمد کا پنڈدادنخان کا اچانک دورہ، للِہ جہلم روڈ کے سیلابی نقصانات کا جائزہ لیا

پنڈدادنخان: صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے طوفانی بارشوں اور چکوال کی جانب سے آنے والے پہاڑی سیلابی پانی کے باعث للِہ تا جہلم روڈ کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل پنڈدادن خان کا اچانک دورہ کیا۔
صوبائی وزیر نے مذکورہ شاہراہ کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا، خاص طور پر سیکشن ٹو میں واقع تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر سڑک کو ہونے والے نقصان کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر کھڑے پانی، ٹوٹ پھوٹ کا شکار حصوں اور سیلابی ریلوں کی شدت سے متاثرہ مقامات کا خود معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایف ڈبلیو او (فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن) کے افسران نے وزیر موصوف کو مکمل صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ چکوال سائیڈ پر واقع پہاڑوں سے آنے والے پانی کی شدت نے شاہراہ کو نقصان پہنچایا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
ملک صہیب احمد نے موقع پر موجود ایکسئین ہائی وے جہلم کو فوری احکامات جاری کیے کہ سڑک کے خراب حصوں کی مرمت کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔ ساتھ ہی ایف ڈبلیو او کو ہدایت کی گئی کہ مرمتی کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ معمولات زندگی جلد بحال ہو سکیں۔
صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور سیلابی و بارشی پانی سے متاثرہ شاہراہوں کی فوری مرمت کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کیے جا رہے ہیں، اور پورے صوبے کی سڑکوں کا جائزہ لے کر نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے تاکہ فوری بحالی ممکن ہو۔
عوامی نمائندے کی بروقت موجودگی اور ہنگامی اقدامات نے مقامی آبادی میں اطمینان کی فضا پیدا کی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ہائی وے کی ٹیمیں موقع پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔



