جہلم میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، صورتحال کا جائزہ لیا

جہلم: وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ یہ دورہ حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے دورے کے دوران متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو سرگرمیوں کا معائنہ کیا، موقع پر موجود امدادی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، اور متاثرہ عوام سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے موقع پر موجود ریسکیو اہلکاروں، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کسی بھی متاثرہ فرد کو فوری امداد فراہم کی جائے اور انخلا کے عمل کو محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے تمام وسائل استعمال میں لائے جائیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ وقت آزمائش کا ہے، مگر ریاست اور اس کے ادارے عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔”
انہوں نے ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائیوں اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا، جبکہ پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سیلاب متاثرین کے ساتھ قدم بہ قدم کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ان کے نقصان کے ازالے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں موجود انتظامی افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ ریلیف، بحالی اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



