جہلم میں شہریوں کی جان بچاتے ہوئے شہید کانسٹیبل حیدر علی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جہلم میں شہریوں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے کانسٹیبل حیدر علی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہیں ، جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
پنجاب حکومت، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں نے بروقت کارروائیوں سے سینکڑوں افراد کی جانیں بچائیں، کانسٹیبل حیدر علی کی ریسکیو آپریشن کے دوران شہادت پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
قرار داد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہید اہلکار کو سرکاری اعزاز اور ان کے خاندان کو مکمل معاونت دی جائے۔



