ڈپٹی کمشنر جہلم نے دریائے جہلم اور ندی نالوں میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے دریائے جہلم ملحقہ ندی نالوں اور تالابوں وغیرہ میں نہانے پر پابندی لگا دی ۔ دفعہ 144 کے تحت پابندی کا اطلاق 45 روز تک نافذ العمل رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے موسم برسات کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دریائے جہلم، اس سے ملحقہ ندی نالوں، تالابوں اور دیگر آبی مقامات میں نہانے، تیراکی کرنے اور کشتی رانی پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

اس حوالے سے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے جو آئندہ 45 روز تک نافذ العمل رہے گا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کوئی بھی شخص دوران پابندی ان مقامات پر نہانے یا تیراکی کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا کہنا ہے کہ موسم برسات میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ کے باعث جان لیوا حادثات کا خطرہ موجود ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے متحرک ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے دریا، ندی نالوں اور تالابوں سے دور رہیں اور قانون کی پاسداری کریں تاکہ کسی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button