جہلم میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں میں سماجی شخصیات کو شامل کر لیا گیا

جہلم: روزمرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی سلسلے میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو مزید فعال بنانے کے لیے مقامی سماجی شخصیات کو کمیٹیوں کا ممبر مقرر کیا گیا ہے تاکہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر خود ساختہ مہنگائی کے خلاف مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم سید میثم عباس نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے علاوہ، حکومت پنجاب کی ہدایت پر تشکیل دی گئی نئی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے ممبران نے بھی شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے نئے ممبران کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ "مقامی افراد شہریوں کے مسائل کو بہتر طور پر جانتے ہیں، لہٰذا ان کا کردار اس مہم میں نہایت اہم ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران قیمتوں پر کنٹرول کے لیے دن رات سرگرم عمل ہیں اور اب عوامی نمائندگان کی شمولیت سے اس عمل میں مزید بہتری آئے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام کمیٹی ممبران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں قیمتوں کی نگرانی کریں اور گراں فروشی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔



