دینہ میں سیلاب کے خطرات کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر کا تین پورہ ڈیم کا دورہ، متعدد گھروں کو خالی کرنے کے نوٹس جاری

دینہ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد متحرک ہو گئیں، تین پورہ ڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایکسین کے ہمراہ ڈیم کے حفاظتی اقدامات اور ندی نالوں کی صورتحال کا مشاہدہ کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے پدرالی، سید حسین اور دینہ پل کے ساتھ واقع آبادیوں کا بھی دورہ کیا، جہاں سیلاب کے خطرات کے پیش نظر اعلانات کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کیا گیا اور متعدد گھروں کو خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، لائیوسٹاک اور دیگر محکمے الرٹ ہیں اور فلڈ ریلیف کے لیے مزید دو کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔
صفاء عابد نے کہا کہ تحصیل دینہ میں مسلسل بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی گئی ہے۔ اگرچہ فی الحال سیلاب کا کوئی فوری خطرہ نہیں، لیکن کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے اپنی اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔



