جہلم میں چینی کی مصنوعی قلت، بلیک میں 200 سے 220 روپے فی کلو فروخت، عوام پریشان

جہلم: پنجاب حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت 173 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے بعد شہر سمیت ضلع بھر میں چینی کی مصنوعی قلت پیدا ہو گئی ہے۔
متعدد دکانداروں نے چینی کی فروخت بند کر دی ہے جبکہ کئی کریانہ سٹورز پر چینی 200 سے 220 روپے فی کلو بلیک میں فروخت کی جا رہی ہے۔ اس صورتحال نے شہریوں کو چینی کے حصول کے لیے دربدر کر دیا ہے، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے عوامی مسائل سے لاتعلقی اختیار کر رکھی ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی کمر توڑ مہنگائی کا شکار ہیں اور اب چینی کی عدم دستیابی اور بلیک میں فروخت نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر چینی فراہم کرنے کے بجائے دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، اور انتظامیہ سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر راولپنڈی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخوں پر چینی کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی دکانیں سیل کی جائیں۔



