پنڈدادنخان میں 78واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے اور ولولے کے ساتھ منایا گیا

پنڈدادنخان: پاکستان کا 78واں یومِ آزادی تحصیل پنڈدادنخان میں قومی جوش و جذبے اور ولولے کے ساتھ منایا گیا۔
مرکزی پرچم کشائی کی پروقار تقریب مجاہدِ آزادی راجہ غضنفر علی خان کے مقبرے پر منعقد ہوئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین، ایس ڈی پی او ملک محمد اکرم، سابق ایم پی اے چوہدری حاجی ناصر محمود للِہ، سول سوسائٹی، صحافیوں، وکلا، شہریوں اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔
راجہ غضنفر علی خان کا شمار بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ تحریکِ پاکستان میں آپ نے بھرپور کردار ادا کیا اور بعدازاں وزیرِ بحالیات اور ایران میں پاکستان کے پہلے نامزد سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
تحصیل پنڈدادنخان میں جشنِ پاکستان کی سب سے بڑی تقریب دارالعلوم محمدیہ رضویہ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جس میں عوام کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ شہر قومی پرچموں کی بہار اور ملی نغموں کی گونج سے گونج اٹھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی عالمی مبلغِ اسلام علامہ پیر محمد انور قریشی، ممتاز ماہرِ تعلیم پروفیسر نیاز احمد اعوان اور معروف عالم دین مفتی بشیر احمد کرم (کنوینئر ورکنگ کمیٹی) نے اپنے خطابات میں نظریۂ پاکستان اور تحریکِ آزادی کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی، اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ اتحاد و یکجہتی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
جشن کی ریلی میں شریک عوام قومی پرچم، بینرز اور ملی ترانوں کے ساتھ سڑکوں پر نکلے۔ بچے، نوجوان اور بزرگ سب ہی "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے فضا کو گونجاتے رہے۔ ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور وطن سے محبت کا والہانہ اظہار دیکھنے کو ملا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں اپنی آزادی کی قدر اور ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں ہم آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔
اسی طرح تحصیل بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔



