پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، انجینئر سعید احمد

جہلم: سنٹرل ریسکیو اسٹیشن جہلم میں جشنِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد، دیگر افسران اور ریسکیو اہلکاروں نے شرکت کی۔
تقریب میں سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا اور چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔
ریسکیو 1122 جہلم کے چاک و چوبند دستے نے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے اکرم شہید پارک جہلم میں منعقد ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب میں بھی شرکت کی اور سلامی پیش کی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے اس ملک کا ہر بچہ بُنْيانٌ مَرْصوصٌ ہے۔ قائداعظم کی قیادت میں ہمارے آباؤ اجداد نے آنے والی نسلوں کی خاطر غلامی کی زنجیریں توڑیں تاکہ انہیں جبر، مذہبی امتیاز اور ہر طرح کی زیادتیوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ آزادی کی یہ نعمت ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ اللہ ہمیں وطن سے محبت کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور پاکستان ہمیشہ سلامت رہے۔ ہم جشنِ آزادی تحفظِ پاکستان کے عہد کے ساتھ منا رہے ہیں۔
تقریب کے علاوہ ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے منگلا کینٹ میں خصوصی اسٹال لگایا گیا، جہاں شہریوں کو ایمرجنسی سروسز اور حفاظتی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے ریسکیو اسٹیشن جہلم میں پودا بھی لگایا۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ون ویلنگ سے پرہیز کریں اور اپنی و اپنے پیاروں کی قیمتی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔



