ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا تعلیمی اداروں کا دورہ، سہولیات اور تعلیمی معیار کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید میثم عباس نے ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار وومن اور گورنمنٹ تبلیغ الاسلام ہائی اسکول کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ملاقات کی اور چھٹیوں کے بعد شروع ہونے والے نئے تعلیمی سیزن کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کے لیے بہترین نصابی اور غیر نصابی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
گورنمنٹ تبلیغ الاسلام ہائی اسکول میں زیر تعمیر نئے کلاس رومز کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا، جسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف اداروں میں بنیادی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور انتظامیہ سے موجود مسائل اور ضروریات کے بارے میں دریافت کیا۔
ڈی سی جہلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد طلبا کے لیے یہ ایک نہایت اہم تعلیمی سیشن ہے۔ تمام اساتذہ کو اپنی ڈیوٹی پر بروقت حاضر ہونا چاہیے تاکہ طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔



