ضلع جہلم میں جشن میلاد النبیؐ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ ماہِ ربیع الاول میں جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتہائی عقیدت و احترام، مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔
مرکزی سنی علماء کونسل ضلع جہلم کے قانونی معاون اور معروف سماجی و سیاسی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ضلع بھر کی مساجد، مدارس اور میرج ہالز میں سیرت النبیؐ پر مبنی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں پیغامِ امن، پیغامِ مساوات، رواداری، صبر و تحمل اور عشق مصطفیٰؐ کو اجاگر کیا جائے گا۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ عاشقانِ رسول کبھی تنگ نظر نہیں ہوتے، ان کے دروازے ہر درد مند اور حضور نبی کریمؐ کے عاشق کے لیے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دین کے دشمن عناصر اور اسلام مخالف قوتیں پاکستان اور امت مسلمہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، ایسے حالات میں اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوفِ خدا اور عشق مصطفیٰؐ کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہو سکتا۔ سیرتِ طیبہ پر عمل کر کے ہی ہم اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔خلیل کاظمی نے کہا کہ جشن میلاد النبیؐ دراصل ربِ کائنات سے اظہارِ تشکر کا عظیم موقع ہے، لیکن اسلام دشمن قوتیں امت کو تقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، لہٰذا ہمیں متحد ہو کر ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔



