دینہ میں منگلا بائی پاس روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

دینہ میں منگلا بائی پاس روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں سنگین مقدمات میں ملوث ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، زخمی ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں تھانہ دینہ کے علاقہ منگلا بائی پاس روڈ پر مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی فائرنگ کر دی، پولیس نے ایک ملزم جہانزیب عرف جونیجو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ دینہ پولیس بسلسلہ ناکہ بندی منگلا بائی پاس روڈ پر موجود تھی کہ 2 مشتبہ افراد جن میں جہانزیب عرف جونیجو اور ایک نامعلوم ساتھی شامل تھا کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کی بروقت جوابی کارروائی کے دوران ملزم جہانزیب عرف جونیجو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا اور موقع پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر علاج معالجے کے لیے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جہانزیب عرف جونیجو ماضی میں بھی مزاحمت پولیس، اقدام قتل اور اسلحے کے زور پر دھمکیاں دینے کے مقدمات میں مطلوب تھا۔ نامعلوم فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم کی کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔



