جہلم میں موسمی امراض کی لہر، ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا

جہلم شہر اور گردونواح میں اچانک موسمی تبدیلی کے باعث نزلہ، زکام، بخار اور امراض چشم سمیت مختلف بیماریوں نے سینکڑوں افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ہسپتالوں، بنیادی ہیلتھ یونٹس اور نجی اسپتالوں میں مریضوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
بچوں، بوڑھوں اور جوانوں کی بڑی تعداد بخار، کھانسی، ملیریا، آشوب چشم، خارش، پھوڑے پھنسیاں اور دیگر موسمی بیماریوں میں مبتلا ہو کر علاج کے لیے اسپتالوں کا رخ کر رہی ہے۔ اس غیر معمولی رش کے باعث سرکاری و نجی اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
ماہرینِ صحت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ان میں ٹھنڈے پانی، فاسٹ فوڈ، کولڈ ڈرنکس اور تیل میں تلی اشیاء سے اجتناب، پانی ابال کر پینے، صفائی کا خاص خیال رکھنے اور مچھروں سے بچاؤ کے لیے مچھر بھگاؤ لوشن اور مچھر دانیوں کے استعمال کی تجویز شامل ہے۔
طبی ماہرین نے والدین پر زور دیا ہے کہ بچوں کی معمولی علامات کو بھی نظر انداز نہ کریں اور بروقت معالج سے رجوع کریں تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکے۔



