جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 460 افراد کی چیکنگ

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی کارروائی کی۔
ضلع کے 19 مختلف مقامات پر جاری سرچ آپریشنز کے دوران 460 افراد کو چیک کیا گیا۔ سرچ آپریشنز میں شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فکیشن بھی کی گئی تاکہ کسی قسم کی خلل اندازی سے بچا جا سکے۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی اور چیکنگ کی گئی، جبکہ مجرمان، اشتہاری، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کے لیے بھرپور کارروائی کی گئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ سرچ آپریشنز کا بنیادی مقصد ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی، سماج دشمن عناصر کی سرکوبی اور شرپسندوں کو مذموم عزائم پر عمل پیرا ہونے سے روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں پولیس کی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔



