ڈپٹی کمشنر جہلم کا اقبال لائبریری کا دورہ، تجاوزات ختم کرنے اور سہولیات کی فراہمی کے احکامات

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے شہر کی تاریخی و تعلیمی اہمیت کی حامل اقبال لائبریری کا دورہ کیا اور لائبریری کے اندر اور اطراف میں انتظامی و صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے لائبریری کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور مطالعہ کے لیے آنے والے طلباء و شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لائبریری علم و تعلیم کا مرکز ہے اور یہاں پرسکون اور صاف ستھرا ماحول مہیا کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے سی او میونسپل کمیٹی عثمان گوندل اور متعلقہ محکموں کو حکم دیا کہ لائبریری کی حدود اور اطراف میں قائم تمام تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ ساتھ ہی شجر کاری مہم کے تحت لائبریری کے احاطے اور گرد و نواح کو سرسبز بنانے پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ لائبریری میں پینے کے صاف پانی، مناسب روشنی، اور دیگر بنیادی سہولیات بلا تاخیر فراہم کی جائیں تاکہ طلباء اور شہری سکون کے ساتھ مطالعہ کر سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں اور عوامی سہولیات کی جگہوں پر صفائی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔



