جہلم پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، شراب سپلائر سمیت دو ملزمان گرفتار

جہلم پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری، مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو شراب اور منشیات سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ تھانہ کالا گجراں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 540 گرام آئس برآمد کر لی۔
اسی طرح تھانہ سول لائنز پولیس نے شراب سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 20 لیٹر شراب برآمد کی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں، ان کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے محفوظ رکھا جا سکے۔



