دینہ میں کالج وین اور ڈمپر میں تصادم، ایک طالبہ جاں بحق، ایک شدید زخمی

دینہ میں منگلا بائی پاس روڈ پر کالج وین اور ڈمپر میں تصادم میں ایک طالبہ جاں بحق جبکہ ایک طالبہ زخمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں منگلا بائی پاس روڈ پر پنجاب کالج کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں کالج وین اور ڈمپر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک طالبہ جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گئی۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ڈمپر یو ٹرن لے رہا تھا کہ اسی دوران سٹار کالج میرپور کی وین اس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وین کو شدید نقصان پہنچا۔ حادثے کے بعد علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
ریسکیو 1122 جہلم کے ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی طالبات کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی طالبہ کی شناخت 18 سالہ حنا فلک دختر راجہ معروف کے نام سے ہوئی ہے جبکہ شدید زخمی طالبہ 17 سالہ مہرین دختر جاوید اقبال کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔



