جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز و ناکہ بندی، 452 افراد کی چیکنگ

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس دوران ضلع بھر کے 18 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے اور مجموعی طور پر 452 افراد کو چیک کیا گیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کے مطابق، سرچ آپریشنز کا مقصد اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا، جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری، ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی اور شرپسندوں کو مذموم عزائم پر عمل کرنے سے روکنا تھا۔
اس دوران شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے مکمل ویریفیکیشن کی گئی اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کے ساتھ چیکنگ بھی کی گئی۔ ڈی پی او نے کہا کہ سرچ آپریشنز کے ذریعے اشتہاری مجرموں، سماج دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کی تلاش اور گرفتاری میں مزید پیش رفت ممکن ہوگی۔



